جموں، 25؍اکتوبر(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا )پاکستانی فوج نے آج جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے راجوری ضلع کے نوشیرا سیکٹر میں ہندوستانی فوج کی چوکیوں کو نشانہ بنا کر مارٹر داغے اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔ایک فوجی افسر نے بتایاکہ پاکستانی فوج نے بغیر اشتعال کے جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے صبح 10 سے راجوری ضلع کے نوشیرا سیکٹر میں ہماری چوکیوں کو نشانہ بنا کر مارٹر بم داغے اور چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے کی گئی جنگ بندی کی خلاف ورزی کا ہندوستانی فوج منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔افسر نے بتایاکہ فوج پاکستانی فوج کو منہ توڑ جواب دے رہی ہے۔دونوں جانب سے فائرنگ اب بھی جاری ہے۔ہندوستانی علاقے میں کسی جانی ومالی نقصان کی کوئی خبر نہیں ہے۔واضح رہے کہ پاکستانی فوجیوں کی طرف سے جموں ضلع سے متصل بین الاقوامی سرحد پر کل کی گئی فائرنگ میں 6 سالہ ایک بچے کی موت ہو گئی تھی اور بی ایس ایف کا ایک جوان شہید ہو گیا جبکہ 8 شہریوں سمیت 10افراد زخمی ہو گئے تھے۔پاکستانی فوجیوں کی جانب سے کی گئی اس شدید گولہ باری میں شہری علاقوں اور جموں سے لگی بین الاقوامی سرحد پر بی ایس ایف کی 25چوکیوں کو نشانہ بنایا گیا تھا۔اڑ ی میں فوج کے کیمپ میں 18؍ستمبر کو ہوئے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہندوستان نے پاک مقبوضہ کشمیر میں سرجیکل اسٹرائک کیا تھا ۔اس کے بعد سے پاکستانی فورسز کی جانب سے جنگ بندی کی خلاف ورزی کئے جانے کی 40سے زیادہ وارداتیں ہو چکی ہیں۔اڑ ی میں ہوئے دہشت گردانہ حملے میں 19؍ہندوستانی جوان شہید ہو گئے تھے۔